اسحاق ڈار کو طاقتور لوگ واپس لیکر آئے، وہ ڈیل کے بغیر نہیں آسکتا، عمران خان


ٹیکسلا(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے تیسری دفعہ میرے گھر پولیس بھیجی ہے،  حکومت سن لو، بجائے دھمکیاں دینے کے پکڑ کے جیل میں ڈال ہی دو،اسحاق ڈار کو طاقتور لوگ پاکستان لائے ہیں، وہ ڈیل کے بغیر نہیں آسکتا تھا،اب سائفر گم ہونے کا ڈرامہ کر رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں حقیقت قوم کے سامنے نہ آئے، ثابت ہوگیا جو ہم کہتے تھے وہ سچ تھا، مراسلے کی ماسٹر کاپی وزارت خارجہ میں موجود ہے۔

ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ساری قوم کو گواہ بنا کر پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اس ملک میں حقیقی آزادی کی تحریک چل پڑی ہے، تم جتنے مرضی لوگوں کو جیلوں میں ڈالو گے، تمہارے پاس اتنے جیل نہیں ہیں، قوم تیار ہے، میں بھی تیار ہوں۔سرور خان آپ میرے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہے، آپ کے حلقے میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس طرح کے سیاست دان چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو پیغام دینا چاہتا ہوں انہوں نے تیسری دفعہ میرے گھر پولیس بھیجی ہے، امپورٹڈ حکومت سن لو، بجائے دھمکیاں دینے کے پکڑ کے جیل میں ڈال ہی دو، نہ ہمیں جیلوں سے خوف ہے، نہ ہی نامعلوم ٹیلی فون دھمکیوں سے خوف ہے، ہر دوسرے روز ہمیں ڈرانے کی کوشش کی جاتی ہے، سب سن لو پاکستانی قوم نے خوف کا بت توڑ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس کے دل میں لا الہ الا اللہ چلا جائے، وہ اللہ کے سواکسی کے سامنے نہیں جھکتا۔قوم کا کپتان بھی تیار ہے، ہمارے لیے جیل تو چھوٹی سی چیز ہے، قوم کا کپتان اپنی حقیقی آزادی کے لیے جان کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 28 مارچ کو ساری قوم کو ایک مراسلہ دکھایا جس میں سازش واضح تھی کہ امریکی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ نے پاکستانی سفارت کار کو حکم دیا کہ تحریک عدم اعتماد میں عمران خان کو ہٹایا جائے تو تمہیں معاف کر دیا جائے گا۔  نیشنل سیکیورٹی کونسل میں مراسلہ لے کر گیا، اسمبلی میں بھجوایا، اسپیکر نے چیف جسٹس کو بھیجا، اسی طرح صدر مملکت نے بھی چیف جسٹس کو مراسلہ بھیجا کہ انکوائری ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت بار بار کہتی تھی کہ کوئی خط نہیں ہے، ان کے ساتھ میڈیا مل گیا، انہوں نے بھی کہا کہ مراسلہ نہیں ہے، میں چیری بلاسم اور مریم نواز آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے سائفر کو اٹھا دیا، اب پوری قوم کے سامنے آ گیا کہ جو میں کہہ رہا تھا وہ سچ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ نیا ڈرامہ ہو رہا ہے کہ سائفر گم گیا ہے، مریم بی بی سائفر گم نہیں ہوا کیونکہ پتا چل جائے گا کہ آپ کے والد اور چاچا نے امریکیوں کے ساتھ مل کر سازش کرکے ہماری حکومت گرائی، اب دفتر خارجہ سے پوچھیں وہاں پر سائفر کی ماسٹر کاپی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس قوم کو سڑکوں پر اس لیے نکالنے لگا ہوں کہ انہوں نے اپنی چوری بچانے میں اس ملک کا اتنا بڑا نقصان کیا ہے، انہوں نے قانون میں جو تبدیلیاں کی ہیں، اس سے طاقت ور لوگ چوری کریں گے تو پکڑے نہیں جا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو اس سازش کو کامیاب ہونے سے روک سکتے تھے، میرا سب سے سوال ہے کہ کیا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ قوم آپ کو معاف کردے گی کہ آپ نیوٹرل ہیں، قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک تباہی کی طرف جارہا ہے، لوگوں کو مہنگائی کی دلدل میں پھنسا دیا، ان چوروں کو اوپر بیٹھا کر ان کے کیسز معاف ہو گئے، اور ہم کہیں کہ جی میں تو نیوٹرل ہوں، قوم ان اداروں کی طرف دیکھتی ہے جو ان چوروں کو روک سکتے تھے۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف سے زیادہ بزدل آدمی کا نام اسحاق ڈار ہے، ڈار کی کانپیں ٹانگتی ہیں، میں مان ہی نہیں سکتا کہ جب تک اس سے ڈیل نہیں ہوئی اور طاقت ور حلقوں نے اس کو این آر او کی ڈیل نہیں دی اور دلاسہ نہیں دیا کہ فکر نہ کرو تمہیں پکڑا نہیں جائے گا تب تک وہ گیڈر کبھی پاکستان نہیں آسکتا تھا۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ اس ملک میں حقیقی آزادی کے لیے مارچ کا جو میرا پلان بن رہا ہے، اس کے لیے آپ سب نے تیاری کرنی ہے کیونکہ زنجیریں گرتی نہیں ہیں ان کو توڑنا پڑتا ہے۔  ایک تحریک پاکستان بنانے کے لیے تھی، 75 سال کے بعد پاکستان کو حقیقی طور پر آزاد کرنے کے لیے یہ دوسری تحریک ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ لوگوں نے ظلم اور ناانصافی کا مقابلہ کرنا ہے، آپ نے ظالم سے خوف زدہ نہیں ہونا، اگر آپ ظلم کے خلاف نہیں کھڑے ہوں گے تو معاشرے میں ظلم بڑھ جائیں گے۔