اسلا م آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کی ٹیم کی سائفر کے حوالے سے ایک اور آڈیو منظرعام پر آگئی۔ آڈیو لیکس کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم ہاؤس کی آڈیو لیک ہونے کے بعد اب تحریک انصاف کی آڈیو لیک ہورہی ہیں،
سائفر کے حوالے سے مبینہ طور پر عمران خان اور ان کی ٹیم کی گفتگو کی ایک اور آڈیو سائفر کی سازشی کہانی پارٹ ٹوکے نام سے سامنے آگئی۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں واضح طور پر سنا جا سکتا ہے کہ عمران خان پارٹی رہنماؤں کے ساتھ امریکی سائفر سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں۔
آڈیو میں عمران خان، شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں اچھا شاہ جی، کل ہم تینوں (عمران خان، اعظم خان اور شاہ محمود قریشی)نے اور وہ ایک فارن سیکرٹری نے میٹنگ کرنی ہے، ہم نے کہنا ہے کہ وہ جو لیٹر ہے نا اس کے چپ کر کے مرضی کے منٹس لکھ دے، اعظم خان کہہ رہا ہے کہ اس کے منٹس بنا لیتے ہیں، اسے فوٹو سٹیٹ کر کے رکھ لیتے ہیں۔
اسی دوران سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کہتے ہیں کہ یہ سائفر 8 یا 9 کو آیا ہے جس پر عمران خان کہتے ہیں کہ میٹنگ 7 کو ہوئی تھی، ہم نے تو کسی صورت امریکا کا نام لینا ہی نہیں ہے، اس ایشو پر پلیز کسی کے منہ سے ملک کا نام نہ نکلے، یہ آپ سب کے لیے بہت اہم ہے کہ کس ملک سے لیٹر آیا ہے، میں کسی کے منہ سے اس کا نام نہیں سننا چاہتا۔
آڈیو میں اسد عمر کہہ رہے ہیں کہ آپ جان کر اسے لیٹر کہہ رہے ہیں، یہ لیٹر نہیں میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے، جس پر عمران خان انہیں ٹوکتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہی ہے نا میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے یا لیٹر ہے ایک ہی چیز ہے، لوگوں کو ٹرانسکرپٹ کی تو سمجھ نہیں آنی تھی نا، آپ پبلک جلسے میں ایسے ہی کہتے ہیں۔