اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان سازشی ذہن کے مالک ہیں، اداروں کو تقسیم کرنے کی ایک بدترین سازش کی،ان جیسا غیر ذمہ دار اور جھوٹا شخص نہیں دیکھا، دن رات جھوٹ بولتے ہیں، انہوں نے لوگوں کو ورغلانے کا مشغلہ ڈھونڈاہے،گزشتہ روز آڈیو لیکس سے عمران خان کا ارادہ ظاہر ہوا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارہ کہو میں بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حرکت پر پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں، آپ کسی کی قومیت پر سوال نہیں اٹھا سکتے، آپ نے پوری پارلیمان کو غدار کہہ دیا، عمران خان کا بیانیہ گزشتہ روز چور چور ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ پرسوں کی آڈیو لیک پوری دنیا نے سنی، کسی کو اب یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ یہ پاکستان کیخلاف بدترین سازش تھی، آج قوم تقسیم ہوچکی، عمران خان سازشی ذہن کے مالک ہیں انہوں نے قوم کو تقسیم کیا اور لوگوں کو گمراہ اور پاکستانیوں کو بدنام کیا۔ اس شخص نے اداروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، اس میں کوئی دو رائے نہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد عمران خان کو اللہ نے عزت دی اور عمران خان نے شوکت خانم اسپتال تعمیر کروایا، کس کو پتہ تھا یہ ایسے انسان نکلیں گے۔ ہماری اتحادی حکومت آئی تو عمران خان نے سب کو غدار کہہ دیا۔ دنیا نے دیکھ لیا ایک منتخب وزیر اعظم کس انداز میں کیا بات کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے اپنے بھائی کی قیادت میں بہت اونچ نیچ دیکھی، حالات بدلتے دیکھے، میں نے بڑے بھائی کی لیڈرشپ میں 40 سال اس خاردار راستے میں سفر کیا ہے ، ہماری مخلوط حکومت آئینی طریقے سے آئی، پارلیمان کے ووٹ کے ذریعے آئی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس شخص نے مہنگائی میں اضافہ کیا، ہمیں اس کا بوجھ اٹھانا پڑا، ہم نے مہنگائی آپ سے لی، مجبوری تھی، آئی ایم ایف کہہ رہاتھا کہ یہ شرائط مانو ورنہ گھر جائو، ہم نے سر توڑ کوشش کی اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اگر یہ ہوتے تو خدانخواتہ پاکستان دیوالیہ ہوچکاہوتا، کیا لیڈرز اس طرح بنتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے معیشت کو مضبوط کیاجائے، مہنگائی کو کم کیا جائے، ہمارے اپنے وسائل بہت محدود ہیں لیکن گھبرانے اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ہم سب نے مل کر ملک کو ان مسائل سے نکالنا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ دبئی نے ریت سے اپنی معیشت کو بے پناہ سنوارا ، اللہ تعالی نے ہمیں سمندر اور دریا دئیے ہیں، ذہین لوگ دئیے ہیں، ہمارے پاس کیا چیز نہیں ہے، ہمارے پاس تگڑی فوج ہے، ایٹمی طاقت ہے، کس چیز کی کمی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارہ کہو بائی پاس منصوبے سے شہریوں کوسہولت ملے گی یہ عوامی منصوبہ ہے۔بارہ کہو بائی پاس منصوبے کو 4 ماہ میں مکمل کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس منصوبے پر متعلقہ حکام سے گزارش ہے 3 ماہ میں مکمل کریں اور اس منصوبے پر اخراجات میں کفایت شعاری پر حکام کے مشکور ہوں گے۔ منصوبے پر ساڑھے 6 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارہ کہو بائی پاس مکمل ہو گا تو مریض، شہری اور مسافروں کے لیے فائدہ مند ہو گا اور نواز شریف دور میں جو منصوبے شروع ہوئے تھے کسی کو مکمل کرنے کا خیال ہی نہیں آیا۔ ابھی ہمارا عزم ہے کہ ہم عوام کے لیے سفری سہولیات سے متعلق ہر ممکن اقدام کریں گے جبکہ گزشتہ حکومت کو عوام کی تکالیف سے کوئی سروکار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبے تب مکمل ہوتے ہیں جب دل میں درد اور احساس ہو گا جبکہ بدقسمتی سے گزشتہ حکومت نے عوامی منصوبوں پر کام کرنے کے بجائے غلط بیانی کی۔
قبل ازیں وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں بھارہ کہو بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کو حکام کی جانب سے بھارہ کہو بائی پاس منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ منصوبے میں ایک ہزار 350 میٹر طویل اوورہیڈ برج بنایا جائے گا اور منصوبے سے بارہ کہو میں ٹریفک کا رش ختم ہو گا۔ شہباز شریف کو بتایا گیا کہ 5 اعشاریہ 4 کلومیٹر طویل منصوبے کو 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ہدف ہے۔