حکمرانوں کی ترجیح بیرونی امداد ہڑپ اورکرپشن کے مقدمات خاتمہ ہے،محمد حسین محنتی


کراچی( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ ملک کومعاشی بحران سے نکالنے اورسیلاب زدگان سمیت عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے حکمرانوں کی ترجیح بیرونی امداد ہڑپ اورکرپشن کے مقدمات خاتمہ ہے۔وزیرخزانہ کی تبدیلی ،مہنگائی کاطوفان اورمتاثرین کی امدادمیں تاخیروکرپشن اس کی واضح مثال ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیہون میں الخدمت کی جانب سے قائم کردہ خیمہ بستی کے دورے،متاثرین سے خطاب اورمیڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر جامشورو ضلع کے امیر حافظ صالح بھرٹ،مقامی امیرعبدالنبی بوزدار ودیگر ذمے داران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔صوبائی امیرنے ضلعی ذمے دارن ومنتظمین کے اجلاس میں میں شرکت خدمت کے کام کا جائزہ اورہدایات دیں۔امیرضلع نے کوٹری وسیہون میں قائم الخدمت خیمہ بستیوں سمیت ضلع بھرمیں ریلیف سرگرمیوں اورآئندہ کے منصوبوں پربریفنگ دی ۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت کی طرف سے سیلاب زدگان کی مدد کہیں نظر نہیں آرہی حکومت بتائے کہ بیرونی ممالک سے آنے والا امدادی سامان کہاں تقسیم ہوا ،متاثرین تو اب بھی کھلے آسمان تلے بھوک بدحالی،وبائی امراض اور موت کے راکاس سے نبردآزما ہیں۔منچھر جھیل کے پانی کو بروقت نکالا جاتا تو آج یہ حالات پیدا نہ ہوتے، حکمران عوامی مسائل حل اورملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی بجائے صرف اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے ایک دوسرے کے خلاف اورگالم گلوچ کی سیاست میں لگے ہوئے ہیں۔