حکمرانوںنے ذاتی مفادات کے لیے پاکستان کو مقروض کرکے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دھکیلا۔ راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ گزشتہ ستر برسوںمیں حکمرانی کرنے والی جماعتوں نے پاکستان کے ہر شعبے کو زوال پذیر کیا۔ حکمرانوںنے ذاتی مفادات کے لیے پاکستان کو مقروض کیا اور قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دھکیلا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں کراچی ضلع شرقی میں ہر سطح کے ناظمین کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی شاہد ہاشمی اور قیم ضلع ڈاکٹر فواد بھی اس موقع پر موجود تھے۔راشد نسیم نے کہا کہ جماعت اسلامی اللہ کی مدد و نصرت اور عوام کی تائید سے الیکشن جیتے گی۔ مولانا مودودی کی جماعت اسلامی میں موروثیت موجود نہیں ہے۔ ملک کی دیگر جماعتوں میں بادشاہت اور باپ بیٹا، ماموں بھانجاکی سیاست ہو رہی ہے۔

ملک کی بعض دینی جماعتوں میں بھی موروثیت پائی جاتی ہے۔ جماعت اسلامی میں جمہوری نظام موجود ہے۔ ہمارے امرا تبدیل ہوتے ہیںاور مختلف زبانوں کے لوگ اس کی قیادت کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی میں کسی ایک خاندان کی امارت، صدارت نہیں چلتی۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اقتدار ملا تو ملک کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔