مشکل وقت میں صوبوں اور وفاق کو مل کر کام کرنا چاہیے،شہباز شریف


دادو(صباح نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں سیاسی پوائنٹ سکورننگ سے گریز کرنا چاہیے، وقت ضائع کئے بغیر ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سندھ کے ضلع دادو میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر کہا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ اور اس کے بعد بلوچستان میں نقصان ہوا جبکہ سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد کرنے والوں کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ متاثرین کے لیے دل کھول کر امداد دے رہے ہیں اور متاثرین کی بحالی کے لیے ریسکیو اور ریلیف کا کام جاری ہے۔ مشکل وقت میں صوبوں اور وفاق کو مل کر کام کرنا چاہیے اور سیاست کے بجائے اس وقت متاثرین کی مدد کے لیے کام کرنا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیر خارجہ سمیت ہمارے ساتھیوں نے سیلاب کی صورتحال پر بھرپور آواز اٹھائی اور دنیا پاکستان میں سیلاب کی صورتحال سے آگاہ ہے۔ اقوام متحدہ میں تقریر میں سیلاب اور پاکستان کے حوالے سے بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، حکومت اور انتظامیہ نے متاثرین کی خدمت کی ہے اور اب بھی ہمیں مزید کام کرنا ہے، سب نے مل کر مشکل سے نکلنا ہو گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ وقت کو ضائع کیے بغیر ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے، مشکلات ضرور ہیں جس کا حل تلاش کریں گے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرین کے فی خاندان 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ سندھ کے ضلع دادو میں متاثرین کیلئے قائم ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، وزیراعظم کو سیلاب زدہ علاقوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

دورے کے موقع پر وزیراعظم کو دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع دادو میں سیلاب سے 37 افراد جاں بحق ہوئے، 66 یونین کونسل سیلاب سے متاثر ہوئیں، فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے،ریلیف کیمپس میں متاثرین کو ہر ممکن سہولت دے رہے ہیں، متاثرین کیلئے ٹینٹ اور دیگر ضروری اشیا کی ضرورت ہے۔