حکومت نے تبدیلی کے سبز باغ دکھاکر عوام کو دھوکہ دیا ،سید ناصر حسین شاہ


فیصل آباد(صباح نیوز)سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بنی گالہ کا پیٹ عوام دشمن مافیا پال رہا ہے ملک میں ہر سطح پر عمرانی اشرافیہ کے ناکے لگے ہوئے ہیں۔

عوام مہنگائی کی دلدل میں پھنستے جا رہے ہیں صنعتیں بند،کاروبار تباہ حال ،کسان بدحال معیشت کو ڈیڈ لاک لگتا جا رہا ہے۔

بد ترین مہنگائی کے ہاتھوں حالات کے ستائے عوام کو کب ریلیف ملے گا؟حکومتی دعوے ہوائی فائر ثابت ہوئے ہیں۔پنجاب میں کھادکی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

حکومتی نا تجربہ کاری اور نالائقی نے بائیس کڑور عوام کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کرکے رکھ دیا ہے۔بد قسمتی سے نئے پاکستان میں ئے تھیٹر،نئے تماشے،نئی ویڈیوز ،تو تو میں میں کی تکرار آخر کب تک چلے گی۔

آئی ایم ایف کی عوام دشمنی کا ایک اور معاہدہ غریبوں پر مہنگائی کی بمباری کرے گا نیازی حکومت میں شرم نام کی کوئی چیز نہیں،حکومت نے تبدیلی کے سبز باغ دکھاکر عوام کو دھوکہ دیا ہے،بحران خان کے حواری اور پی ٹی آئی کے درباری جتنے مرضی اوچھے ہتھکنڈے اپنا لیں 30نومبر کو پشاور میں یوم تاسیس کا میلہ سجے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے نائب صدر چوھدری ارشد جٹ کی قیادت میں ملنے والے وفدسے گفتگوکرتے ہوئے کیاجس میں ڈویژنل و ڈسٹرکٹ میڈیا کوارڈینیٹر محمد طاہر شیخ اورلیبر لیڈر لال حسین راشدشامل تھے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت نے معاشی و اقتصادی بحرانوں کو ختم کرنے کی بجاے غلط حکمت عملی اپنا کر نئے بحرانون کو دعوت دے دی ہے اب مہنگائی کا عفریت عوام کے محدود وسائل کو نگل رہا ہے۔

حکومت کا تین سالہ دور اقتدار پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی لولی،لنگڑی جمہوریت اور ریاست مدینہ 22 کروڑ غریب عوام کو نہیں چا ہئے جس میں غریب مہنگائی،بیروزگاری سے مر رہے ہوں۔