کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت کے الیکٹرک کیخلاف ہونے والے عوامی ریفرنڈم کو عوام کے دلوں کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے حس قیادت نے ملک کے سب سے بڑے شہر کو بدامنی کا مرکز اور کچرا کنڈی میں بدل دیا ہے، حکومت کا کام صرف ٹیکس وصول کرکے عوام کی جیبوں پر ناجائز ڈاکہ مارنا نہیں بلکہ جائز ٹیکس وصول کرنے کے بدلے انہیں صفائی، پانی سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات بھی فراہم کرنا ہوتا ہے، جماعت اسلامی کے تحت کے الیکٹرک کیخلاف ریفرنڈم عوام کے دلوں کی آواز بن چکی ہے جس میں عوام کی غیر معمولی دلچسپی اس کی واضح مثال ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت گلبرگ وسطی میں کے الیکٹرک کے ناجائز ٹیکسوں کیخلاف ہونے والے عوامی ریفرنڈم میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر قیم ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک ایک مافیا کی شکل اختیار کرچکا ہے جس نے بدترین لوڈشیڈنگ، بھاری بلوں اور ناجائز ٹیکسوں کے ذریعے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے،ظلم تو یہ ہے کہ عوام ظلم،بدامنی،ناجائز ٹیکسوں اور مہنگائی کیخلاف سراپا احتجاج ہیں مگر عوام کی کوئی دادرسی کرنے والا نہیں ہے،
صوبائی امیر نے زور دیا کہ کے الیکٹرک کے ظلم اور ناجائز ٹیکسوں کا نوٹس لیکر عوام کو ریلیف دیا جائے ،حکومت کراچی کے شہریوں کو امن،بھترٹرانسپورٹ، صاف پانی کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی سنجیدہ اقدامات کرے۔