لاہور ( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہورکی نائب صدر صبا ثاقب نے کہا ہے کہ ہمیں بطورمسلمان دنیا کی خواتین کے لیے رول ماڈل بننا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کمیونٹی سینٹر پنجاب سوسائٹی میں دوسالہ فہم القرآن ڈپلومہ کورس اور کمپیوٹر شارٹ کورس کی تقریب تقسیم اسنادکے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایجوکیشن پروگرام منیجر سمیرا چھاپرا، قرآن انسٹیٹیوٹ لاہور سے شاہینہ طارق، یاسمین سلیم ، ادارہ کی طالبات اور والدین نے تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر کورس مکمل کرنے والی طالبات میں اعزازات و اسنادبھی تقسیم کی گئیں۔
صبا ثاقب نے کہا کہ ہمیں بحیثیت مسلمان خواتین کے دنیا کی خواتین کے لیے رول ماڈل بننا چاہئے۔انہوں نے کہا الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ نہ صرف خواتین کو اسلامی تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہاہے بلکہ انہیں سلائی کڑھا ئی سمیت کمپیوٹر شارٹ کورس بھی کروا رہا ہے تاکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت میں باوقار طریقہ سے اپنا کردار اادا کر سکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سمیرا چھاپرا نے کہا کہ فہم القرآن ڈپلومہ کورس کرنے والی خواتین دین کی شمع کو مزید بہتر طور پر روشن کر سکیں گی جبکہ کمپیوٹر کورس کرنے والی بچیاں بھی اپنے اس ہنر سے باعزت طور پر روز گار حاصل کر سکیں گی ،موجودہ دور میں ان کیلئے ایسے مواقع بھی موجود ہیں کہ وہ اس ہنر کے ذریعے گھر بیٹھے بھی کام کر کے پیسے کما سکتی ہیں۔اس موقع پر تقریب کی شرکاء نے الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، علاوہ ازیں کورس مکمل کرنے والی طالبات میں اعزازات و اسناد تقسیم کی گئیں۔