لاہور،ڈور پھرنے سے نوجوان جان کی بازی ہار گیا


لاہور(صباح نیوز)لاہور کے علاقے شالیمار لنک روڈ پر گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق  لاہور کے تھانہ مغل پورہ کی حدود میں شالیمار لنک روڈ پر موٹر سائیکل سوار نوجوان گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گیا۔ بیس سالہ اسد نے سول انجینئرنگ کا ڈپلومہ مکمل کر کے ایک ماہ قبل ہی نوکری شروع کی تھی۔واقعہ کا مقدمہ تھانہ مغل پورہ میں درج کر لیا گیا۔ پولیس حکام نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سید انور کو معطل کردیا۔مقتول کے والد نے حکام سے پتنگ بازی کے کھیل پر پابندی پر مکمل عملدرآمد کروانے کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ عثمان پنجاب نے ڈور پھرنے سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے  سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ۔

وزیراعلی پنجاب نے غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ان کا  کہنا ہے کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پابندی کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔پتنگ بازی کے واقعات پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق جس علاقے میں پتنگ بازی ہو متعلقہ پولیس افسر سے جواب طلبی ہو گی ۔