لندن(صباح نیوز)نواز شریف کی زیر صدارت لندن میں اہم بیٹھک،مفتاح اسماعیل نے استعفیٰ پیش کر دیا،اسحاق ڈار وزیرخزانہ نامزد۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں اہم پارٹی اجلاس ہوا،
اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی وقومی صورتحال پر تفصیلی غور کیاگیا۔ مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفیٰ قائد محمد نوازشریف کو پیش کیا۔
مفتاح اسماعیل نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا، چار ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سے کام کیا، پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی، قائد محمد نوازشریف نے مشکل ترین حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پر مفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا۔
اجلاس کے دوران شرکا نے کہا کہ سابق حکومت کی لگائی معاشی تباہی کی آگ موجودہ حکومت کوبجھانا پڑی۔ قائد نواز شریف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیرِ خزانہ کے لئے نامزد کر دیا۔
اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل،ملک محمد احمد خان اور احد چیمہ نے شرکت کی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف اور نواز شریف کی ملاقات میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ پاکستان روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار منگل کو وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے جبکہ موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی ن لیگ کی اتحادی حکومت میں معاشی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔