شہباز شریف کی آڈیو ٹیپ شرمناک،مریم نواز موجودہ دورحکو مت میں ناجائز کام کرا رہی ہے،عمران خان


کرک(صباح نیوز)سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مریم نواز موجودہ حکومت میں ناجائز کام کروا رہی ہیں، زرداری ،شہباز اور تیسری وکٹ کو گرانا ہے،مولانا فضل الرحمان کیلئے ان سوئنگ تیار کر لی، رانا ثنا اللہ کے لیے بھی پلاننگ کر رہا ہوں، اب پوری تیاری کررہا ہوں، حقیقی آزادی کی تحریک آخری اور فیصلہ کن ہوگی،آپ سب نے ساتھ دینا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کرک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھوڑا صبر کرنا پڑتا ہے سچ سامنے آجاتا ہے، آڈیو میں3 چیزیں سامنے آئی ہیں، مریم نواز سے سچ نہیں بولا جاتا، ان کے اوپر1100 ارب کے کیسز تھے۔عمران خان نے کہا کہ آپ سب کا فرض ہے حقیقی آزادی کی تحریک کا حصہ بنیں، نوجوانو!آپ نے میرا ساتھ دینا ہے ان کا مقابلہ کرنا ہے، ان چوروں کی غلامی کرنے سے بہتر مرجانا ہے۔ جب یہ حکمران تھے تو400 ڈرون حملے ہوئے، جن کی جنگ میں ہم شامل تھے انہوں نے400 ڈرون حملے کیے، آزاد انسان اوپر جاتے ہیں غلام ملک ترقی نہیں کرتے، جنہوں نے ان کو مسلط کیا ان کو معلوم ہے یہ حکم مانیں گے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ بیرونی سازش کے تحت ان کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا، حقیقی آزادی ہمارا مقصد ہے، غلام کی عزت نہیں ہوتی، پاکستان کے بڑے بڑے ڈاکوئوں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا۔

چیئرمین  پی ٹی آئی نے کہا کہ 4 سال پہلے اعتماد تھا کہ شاہد خٹک الیکشن جیت جائے گا، 4 سال پہلے یہاں جلسہ کیا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ مریم نواز موجودہ حکومت میں ناجائز کام کروارہی ہے، یہ ایسے لوگ ہیں پیسے کے لیے کشمیریوں کی قربانیوں کو نظرانداز کرسکتے ہیں، یہ اقتدار میں صرف پیسہ بنانے آتے ہیں، یہ جب بھی اقتدار میں آئے ملکی قرضے بڑھ گئے، ملک مقروض ہو گیا یہ اور ان کا خاندان ارب پتی بن گیا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اقتدار کے ذریعے ذات کو فائدہ پہنچانے کو کرپشن کہتے ہیں، اقتدار میں آپ خود کا نہیں عوام کا فائدہ کراتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی بے چاری کی کوئی جائیداد نہیں، مریم نواز اپنے داماد کے لیے بھارت سے مشینری امپورٹ کروارہی تھی، آدھی مشینری آگئی ہے آدھی کی سفارش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے 3وکٹیں نظر آرہی ہیں، ایک ہے بیماری وہ ہے زرداری، بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، دنیا میں کوئی ادارہ میرٹ کے علاوہ کامیاب نہیں ہوتا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم الیکشن کی طرف جائیں گے اور ان مافیاز کو شکست دیں گے، بھیک مانگ کر ترقی کرنا ہوتی تو کب کی کرچکے ہوتے، ہمارا وزیراعظم دوسرے ملکوں میں جاکر پیسہ مانگ رہا ہے۔   کمزور کے لیے الگ اور طاقتورکے لیے الگ قانون بنا ہوا ہے، 30سال سے یہ دو خاندان ملک پر مسلط ہیں۔  سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بھارت اور بنگلا دیش ہم سے آگے نکل گئے، ہم نے کبھی آگے بڑھنے کا نہیں سوچا کبھی آمدنی بڑھانے کا نہیں سوچا، میں اب پوری تیاری کررہا ہوں، حقیقی آزادی کی تحریک آخری اور فیصلہ کن ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قاتل رانا ثنا اور شہبازشریف کے لیے بھی پوری تیاری کررہا ہوں، کہتا ہے میں مانگنے نہیں آیا لیکن مجبوری ہے، میری قوم نکلنے کے لیے تیا رہے، حقیقی آزادی کی تحریک کے لیے پورے پاکستان میں جا رہا ہوں۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ  بلاول بھٹو کہتا ہے کہ عمران خان اپنا آرمی چیف لانا چاہتا ہے، عمران خان کو آرمی چیف نہیں چاہیے عمران خان کو میرٹ چاہیے۔