گھریلو تشدد کے قانون کی طرح ٹرانس جینڈر بل بھی ہماری تہذیب پرحملہ اور مغربی ایجنڈا ہے۔ نصر اللہ رند ھاوا


اسلام آباد(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوانے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر قانون کی آڑ میں مغرب زدہ، مادرپدر آزاد، مذہب بے زار طبقہ انسانیت سوز معاشرہ بنانا چاہتا ہے، گھریلو تشدد کے قانون کی طرح ٹرانس جینڈر بل بھی ہماری تہذیب پرحملہ اور مغربی ایجنڈا ہے،

انھوں نے کہا جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ خواجہ سرا کمیونٹی کو ان کے حقوق ملیں، لیکن نام نہاد قانون معاشرے میں بگاڑ کی وجہ بن رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اگر کوئی شخص اپنی جنس تبدیل کروانا چاہتا ہے تو میڈیکل بورڈ سے اس کی منظوری لے، حکومت جماعت اسلامی کا ترمیمی بل منظور کرے، کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ خود سے اللہ کی تخلیق میں تبدیلی کرے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف یونین کونسلوں کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقاریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔نصر اللہ رند ھاوا نے کہا مغربی معاشرہ جس تباہی کی انتہا کو پہنچادیا گیا ہے، پاکستان کا نام نہاد روشن خیال، سیکولر اور اسلام بے زار طبقہ وہیں سے پاکستان میں بربادی کا آغاز کررہا ہے شہباز شریف حکومت، پی پی پی اور پی ٹی آئی اپنی غلطی تسلیم کریں، خواجہ سراؤں کو تعلیم، روزگار، انسانی حقوق کا تحفظ دیا جائے اور ٹرانس جینڈر قانون کے نام اور خلافِ شریعت طریقہ کار کو تبدیل کیا جائے،

انھوں نے کہا جماعتِ اسلامی خاندانی نظام، شعائرِ اسلامی کے تحفظ اور انسانیت سوز معاشرہ کے قیام کا راستہ روکنے کے لیے ملک بھر میں صالح اور اسلامی قومی قیادت کے تحت عوام کو منظم کرے گی۔