الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں میں 30 الخدمت موبائل میڈیکل یونٹس کا آغاز


سکھر( صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن نے سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں علاج معالجے کی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے 30 موبائل ہیلتھ یونٹس متاثرہ علاقوں میں پہنچادیئے۔موبائل ہیلتھ یونٹس روانہ کرنے کی تقریب سکھر میں منعقد کی گئی جس میں چیئرمین الخدمت فاؤنڈیشن ہیلتھ سروسزپروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، انچارج الخدمت فیلڈ ہسپتال ڈاکٹر عزیز میمن اور دیگر مرکزی و مقامی قیادت شریک ہوئی۔

اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب متاثرین کیلیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں خوراک، شیلٹر اور میڈیکل کیمپس لگائے جا رہے ہیں۔

سیلاب متاثرہ علاقوں میں جلدی امراض، ملیریا اور دیگر امراض کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے فوری میڈیکل رسپانس کی فراہمی کیلیے 30 الخدمت موبائل ہیلتھ یونٹس کا آغاز کیا ہے جو سندھ کے 10 اور بلوچستان کے 45اضلاع میں روزانہ صبح سے شام تک اطراف کے گاؤں دیہاتوں میں متاثرین کے گھروں کے قریب صحت کے بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کریں گے۔

میڈیکل وین میں 1 ڈاکٹر اور 1 ڈسپنسر موجود ہوگا جو معائنے کے بعد فری ادویات فراہم کرے گا۔سکھر میں فیلڈ ہسپتال قائم کردیا گیا ہے جو کہ کنٹرول روم کے طور پرکام کرے گا، یہ کنٹرول روم میڈیکل ٹیمز کے ساتھ کوآرڈی نیشن کا کام کرے گا۔ متاثرین کو ان کی دہلیز پر طبی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ ضرورت کے پیشِ نظر مریضوں کوایمبولینس کے ذریعے علاج کے لئے سکھر منتقل کیا جائے گا۔