سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر آج حکومتی نااہلی وکرپشن کی وجہ سے کچرا کنڈی میں تبدیل ہوچکا،محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے ناجائز کے الیکٹرک بل، کے ایم سی ٹیکس اور فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کیخلاف جماعت اسلامی کراچی کے تحت25،23،24  ستمبر کو ہونے والے عوامی ریفرنڈم کو عوام کے دلوں کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے پہلی ہی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ سے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے اب بجلی کے بلوں میں کے ایم سی اورفیول ایڈجسٹمنٹ چارجز سمیت دیگر ٹیکسوں کی وصولی عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، حکومت اور کے الیکٹرک عوام کو کوئی بھی سہولت دینے کی بجائے ان کا خون نچوڑنے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے  ایک بیان میں مزید کہا کہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر آج حکومتی نااہلی وکرپشن کی وجہ سے کچرا کنڈی وکھنڈر میں تبدیل ہوچکا ہے، عوام صاف پانی، ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حقوق کراچی سے لیکر شہر کے ہر مسئلے پر آواز اٹھائی ہے، عوام ظلم کیخلاف ہونے والے ریفرنڈم میں بھرپور حصہ لیکر بیداری کا ثبوت دیں اور عوام دشمن اقدامات کیخلاف اپنا بھرپور احتجاج رکارڈ کروائیں۔