ایک تقرری سب پر بھاری ہوگئی،وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جاسکتی ہیں، شیخ رشید


راولپنڈی (صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک تقرری سب پر بھاری ہوگئی ہے،وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جاسکتی ہیں، رات 2 بجے پیٹرول پر شب خون مار کے 1.50 روپے اضافہ کر دیا ہے۔ ہر روز روپے کی قدر میں کمی،اجناس، پیٹرول اور بجلی میں اضافہ ہو رہا ہے۔طاقتور بے قصور اور غریب قصوروار ٹھہرے ہیں۔ الیکشن کی طرف جانا ہے یا بند گلی میں،اس کا فیصلہ ہونے والا ہے۔ ہائیکورٹ نے پیناڈول دلائی،اب آٹا بھی دلائے۔

ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آج 70 وزرا ء میں2 کے اضافے کے بعد تعداد میں 72 ہوگئے ہیں۔لوگ سیلاب اور ڈینگی سے مر رہے ہیں،یہ امریکہ کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں قیام کر رہے ہیں۔ایک تقرری سب پر بھاری ہوگئی ہے۔وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جاسکتی ہیں۔پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے جبکہ الیکشن ہی ملکی استحکام کا واحد حل ہے۔