ایشیائی ترقیاتی بینک کاسیلاب متاثرین کے ریلیف اور بحالی کیلئے فوری بڑے امدادی پیکج کا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد ریلیف اور بحالی کے لیے فوری طور بڑے امدادی پیکج پر کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایک بیان میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ یہ پیکج متاثرین، معاشی صورتحال اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فوری اور پائیدار بحالی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ وہ مختصر اور درمیانی مدت کے لیے سڑکوں اور آبپاشی کے انفراسٹرکچر سمیت تباہ شدہ بنیادی انفراسٹرکچر کی مرمت کے لیے جاری منصوبوں کا استعمال کرے گا اور غذائی تحفظ بڑھانے کے لیے زرعی شعبے کی ترقی اور مالی استحکام میں مدد فراہم کرے گا، خاص طور پر خواتین اور بچوں کی مدد کے لیے کائونٹر سائیکلیکل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔  بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ  ہم ایسے طویل مدتی منصوبوں کو ترجیح دیں گے جو سیلاب کے بعد تعمیر نو میں معاونت فراہم کریں گے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے انفراسٹرکچر کو مضبوط کریں گے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بتایا گیا کہ حتمی طور پر طے ہونے کے بعد ہم اپنے نئے امدادی پیکج کی مزید تفصیلات فراہم کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم حکومت اور دیگر عالمی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد متاثرین کی زندگیوں اور ذریعہ معاش کی تعمیر نو میں مدد ملے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم ملک کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ خیال رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک  میں موجود ہیں جہاں وہ پاکستان میں ماحولیاتی تباہی کے اثرات پر روشنی ڈالیں گے۔