ضمنی انتخاب این اے-133لاہور ‘ پیپلز پارٹی امیدوار کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری


لاہور(صباح نیوز)صوبہ پنجاب کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-133لاہور میں 5 دسمبر کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، نذر عباس، ریٹرننگ آفیسر، باسط علی اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر زاہد سبحانی نے حلقے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے انتخابی دفاتر کا اچانک دورہ کیا۔

انہوں نے انتخابی مہم اور متعلقہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور انتخابات کی شفافیت کو متزلزل کرنے والے عناصر کیخلاف فوری کاروائی کی۔ الیکشن کمیشن کے حکام نے حلقے کا دورہ کیا اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

اس سلسلے میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے امیدوار چوہدری اسلم گل کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امیدوار پر ایسے اقدامات کا الزام ہے جن سے ووٹر کی آزادی حق رائے دہی متاثر ہو سکتی ہے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، زاہد سبحانی نے مذکورہ امیدوار کو کل بروز اتوار ذاتی حیثیت میں وضاحت کیلئے طلب کر لیا۔ علاوہ ازیں مانیٹرنگ ٹیموں کو حلقے میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور انتخابی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔