خدمت خلق عبادت ہے، دیانت و امانت مومن کی پہچان ہے۔ حافظ محمد ادریس


لاہور (صباح نیوز)منصورہ آڈیٹوریم میں ہفتہ وار مجلس درس قرآن میں خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ لوگ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن پر اعتماد کرتے ہیں۔ ہمارا ریکارڈ اور دامن اللہ کی توفیق سے شفاف ہے۔ ہم یہ کام کسی وقتی منفعت یا ذاتی و جماعتی مفاد کے لیے نہیں کرتے، ہمارے پیشِ نظر اللہ کی رضا اور آخرت کی فلاح ہے۔ یہ ایسی نازک ذمہ داری ہے کہ اس میں ذرا سی کوتاہی یا غلطی اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ صاف لباس پردامن پہ ذرا سا دھبہ بھی لگ جائے تو وہ دور سے نظر آتا ہے۔ اس لیے ہم سب کو بہت احتیاط اور ایمان داری کی ضرورت ہے۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ خلفائے راشدین مالیات میں آنے والی ہر پائی کا حساب رکھتے تھے۔ ہمیں بھی اسی سپرٹ کے ساتھ یہ کام کرنا ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنا اور اپنے پورے سیٹ اپ کا محاسبہ کرتے رہیں کہ دیگر سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں جو بیماریاں پیدا ہو گئی ہیں، خدانخواستہ ہمارے سسٹم میں بھی نہ در آئیں۔ ہم اندرونی آڈٹ کے ساتھ بیرونی آڈٹ کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں۔