قوم سیلاب سے نبرد آزما اور وزیر اعظم لندن کی یاترا پر ہیں۔ محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے نیب ترمیمی ایکٹ 2022ء کی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں زیر سماعت 50سے زائد ریفرنسز نیب کو واپس بھجوادیے گئے ہیں۔ ترمیمی ایکٹ کے بعد موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف سمیت درجنوں افراد کو ریلیف ملے گا۔ اتحادی حکومت کرپشن کیسز کا سامنا کرنے کی بجائے نیب کے اختیارات ختم کرنا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں احتساب کا عمل بلا تفریق ہونا چاہیے ۔ چاہے کوئی بھی شخص ہو، اگر اس کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس چل رہا ہے تو اس کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے۔اداروں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا بد ترین فعل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک میں انتقامی سیاست کی جارہی ہے۔ کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتی ، جب تک وہ آئین و قانون کی تابعداری نہیں کرتی۔ غریب کے لیے اور قانون اور امیر کے لیے اور قانون کا تاثر ختم ہونا چاہیے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ قوم کی سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبر دآزما ہے اور وزیر اعظم لندن کی یاترا پر ہیں۔ اس وقت انہیں عوام میں ہونا چاہیے۔ سیلاب نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ کروڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ لاکھوں گھر مسمار ہوئے ہیں۔ حکومتی اقدامات محض اعلانات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ وقت آگیا ہے قوم ان چوروں، لٹیروں اور ظالم حکمرانوں کو پہنچانیں اور ان سے نجات حاصل کرنے کے لئے ہمارا ساتھ دے ۔