حیا اور حجاب اسلامی معاشرے کا شعار ہے.اسما سفیر


کراچی(صباح نیوز)حیا اور حجاب اسلامی معاشرے کا شعار ہے۔عورت کی حیا اور مرد کا غیرت مند وباوقار ہونا خاندانی نظام کو مضبوط کرتا ہے یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی اسما سفیر نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے تحت ملک بھر میں ”عشرہ حجاب ”کے حوالے سے خصوصی بیان میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ سماجی تبدیلیاں  معاشرے آتی رہتی ہیں مگر ہمیں اپنی بنیادوں سے جڑے رہنا ہو گا ورنہ تباہی اور بربادی کے سوا کچھ حاصل نہیں ۔مغرب کی نقالی اور ذہنی غلامی نے ہمیں کبھی آگے نہیں بڑھنے دیا۔اسلام کے نام پر حاصل ہونے والے ملک میں جب بے حیائی عام ہونے لگے تو اللہ تعالیٰ کے عذاب سے پناہ مانگنی چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اور حکومتی پارٹیاں اپنی کرسی اوراقتدارکے لیے لڑ رہے ہیں اور پارلیمنٹ میں اسلامی قوانین کے برخلاف قانون سازی ہو رہی ہے ۔اسما سفیر نے ٹرانس جینڈر بل کو ملک اور معاشرے کے لیے تباہ کن بم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب کس بڑے عذاب کا انتظار ہے ،پوری قوم ہر اسلام پسند کو اس بل کے خلاف اپنی آواز اٹھانی چاہئیے۔

ناظمہ کراچی نے پاکستانی خواتین پلیئرز کے لباس پر سخت غم وغصہ کا اظہار کیا انہوں نے کہا پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں ہمیشہ پاکستانی خواتین مکمل لباس میں کھیلتیں تھیں مگر اب مغرب کو خوش کرنے کیلئے ہم ہر حد توڑنے پر تیار ہیں۔