آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا مطالبہ، ناقابل فہم اور غیر دانشمندانہ ہے، محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا مطالبہ ناقابل فہم اور غیر دانشمندانہ ہے۔ عمران خان کی سیاست ان کی ذات اور سیاسی مفادات کے گرد گھومتی ہے۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے جو کہ داخلی انتشار کو ہوا دینے مترادف ہے۔ اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش آئین کے متصادم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معزز خاتون جج کو دھمکیاں دینا اور پھر اس پر ڈھٹائی کا مظاہرہ کرنا سیاسی کلچر اور اخلاقی روایات کے منافی اقدام ہے۔ قوم سمجھنے سے قاصر ہے کہ ملک و قوم کو کس سمت لے کر جانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔ تحریک انصاف اور اتحادی حکومت کی آپسی چپقلش نے قومی مستقبل کو تاریخ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی بے حد ضروری ہے۔ ہر شخص اور ادارے کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا۔ ماورائے آئین و قانون اقدام سے ملکی سلامتی خطرات سے دوچار ہوسکتی ہے۔ پاکستان سیاسی و معاشی طور پر عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔اس کے لئے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز افہام و تفہیم سے کام لیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ سے بجلی کی قیمت میں 4روپے 34پیسے فی یونٹ اضافہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ جس سے عوامی مسائل میں اضافہ ہوگا۔ حکمرانوں نے پورے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔