کراچی (صباح نیوز)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانی ورکرز کی جانب سے اگست 2022میں بھجوائی جانے والی ترسیلات زر کی تفصیلات جاری کردیں ۔اگست 2022میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 2ارب70کروڑ40 لاکھ ڈالرز کی آمد ہوئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیاد پر 7.9فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ سالانہ کے حساب سے 1.5فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سعودی عرب سے 691ملین ڈالرز، متحدہ عرب امارات جس میں دبئی، ابو ظہبی، شارجہ اور دیگر شامل ہیں سے 531.4ملین ڈالرز، دیگر خلیجی ممالک جن میں بحرین، کویت، قطر اور اومان شامل ہیں سے 30کروڑ ڈالرز،برطانیہ سے 369.7ملین ڈالرز، امریکہ سے 294.4ملین ڈالرز ، یورپین یونین کے ممالک جرمنی، فرانس، ہالینڈ،سپین،اٹلی، یونان، سویڈن، ڈنمارک، آئلینڈ اور بیلجیئم سے 27کروڑ ڈالرز بھیجے گئے، ملائیشیاء سے 14.5ملین ڈالرز، ناروے سے 10.6ملین ڈالرز،آسٹریلیا سے 60.9ملین ڈالرز، کینیڈا سے 56.3ملین ڈالرز، جاپان سے 7.1ملین ڈالرز، جنوبی افریقہ سے 26.9ملین ڈالرز، جنوبی کوریا سے 8.3ملین ڈالرز، سوئٹزر لینڈ سے 3.7ملین ڈالرز اور دیگر ممالک سے 72.7ملین ڈالرز شامل ہیں ۔
واضح رہے کہ جولائی 2022میں پاکستانی ورکرز کی ترسیلات زر 2ارب52کروڑ 38لاکھ ڈالرز رہی تھیں جبکہ گزشتہ سال اگست میں ورکرز کی ترسیلات زر2ارب 68کروڑ 26لاکھ دالرز رہی تھیں۔