سیلاب متاثرین کا نمبر ون مسئلہ قدرتی راستوں سے پانی کی نکاسی ہے،محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ بارش وسیلاب متاثرین کا نمبر ون مسئلہ قدرتی راستوں سے پانی کی نکاسی ہے،بارش کو کئی دن گذرجانے کے باوجودحکومت نکاسی آب سمیت متاثرین کی مدد کے لیے سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہی ہے،متاثرین کے لیے آنے والے امدادی سامان کی مارکیٹ میں فروخت کی اطلاعات قابل تشویش بات ہے۔جماعت اسلامی اورالخدمت اپنے مصیبت زدہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ٹنڈوباگو کے پنگریو، گوٹھ انورگاہو،ناتھوملاح ،صدیق ملاح ودیگرمقامات کے متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم ،متاثرہ علاقوں کے دورہ اورمیڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ قبل ازیں بدین میں صوبائی امیرنے ضلعی ذمے داران کے اجلاس میں طوفانی بارشوں سے نقصانات اورالخدمت کے تحت ہونے والی ریلیف سرگرمیوںکا جائزہ بھی لیا۔

جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ عبدالواحد، صوبائی نائب قیم مولانا آفتاب ملک، امیرضلع بدین سید علی مردان شاہ،جنرل سیکرٹری محمد عظیم منصوری،نائب امراء عبد الکریم بلیدی ،محمد موسیٰ ملاح اورصدرالخدمت عبداللطیف کھوسہ بھی اس موقع پر ہمراہ موجود تھے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ اس وقت پاکستان تاریخ کے بدترین دور سے گذر رہا ہے، سیاسی معاشی اوراخلاقی انحطاط نے ملک کی بنیادوں کو ہلاکررکھ دیا ہے۔ بارش متاثرہ علاقوں میں المیے جنم لے رہے ہیں۔بارش سیلاب وگٹر کا پانی ملکر زہربن چکا ہے، تعفن پھیلنے کی وجہ سے مچھروں کی بہتات، گیسٹرو،ملیریا،جلدی بیماریوں سمیت دیگر وبائی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔آمدرفت کے راستوں کا نظام بھی درہم برہم ہے۔ مہنگائی اورمعیشت کی ابترصورتحال سے عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔اب تو زندگی کی بنیادی ضرورت آٹا اورصاف پانی بھی عوام کی دسترس سے دور ہوتا جارہا ہے۔

صوبائی امیر نے کہاکہ حکومتی امداد کہیں بھی نظر نہیں آررہی متاثرین کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں،صوبائی حکومت کی طرح ضلع انتظامیہ بدین بھی سستی اور غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے۔ریلیف انچارج کا دعویٰ غلط ثابت ہوا کہیں بھی امداد تقسیم نہیں کی گئی سرکاری گودام بھرے پڑے ہیں،یا سیاسی بنیادوں پرتقسیم کی جارہی ہے لیکن متاثرین بے یارومددگارکھلے آسمان تلے زندگی بسر کررہے ہیں۔