جڑواں شہروں سمیت بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش



اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔تیز ہوائوں کیساتھ طوفانی بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے۔نالے بھی پانی سے بھرگئے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی  کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ تیز بارش ہوئی ، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔جڑواں شہروں میں اب تک 32ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

راولپنڈی کے نشیبی علاقے بارش سے زیر آب آگئے۔صادق آباد، شکریال، ڈھوک کالاخان میں پانی گلیوں میں داخل ہو گیا۔ ندیم کالونی، جاوید کالونی اور پیرودھائی کے علاقوں میں بھی  پانی  بھر گیا۔ ہیوی مشینری نالہ لئی ،کمیٹی چوک اور صادق آباد کے علاقے میں پہنچا دی گئی۔

واسا کے عملے کو ہائی الرٹ کردیا گیا ،ایم ڈی واسا فیلڈ میں موجود ہیں۔ملکہ کوہسار مری ، کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں میں بھی  موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔