اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا فلاحی تنظیموں کے کردار کو سراہنا ناقابل ستائش ہے۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتوینو گوتریس کی جانب سے پاکستان کے اندر فلاحی تنظیموں کے کردار کو سراہنا قابل ستائش ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن نے ہمیشہ مشکل وقت میں بلا تفریق خدمت خلق کا فریضہ سر انجام دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت 30سے 40ارب ڈالر کی اشد ضرورت ہے۔ سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچاہی ہے۔ انفرا سٹرکچر تباہ اور ساڑھے تین کروڑ افراد براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ عالمی برادری کو اس حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ متاثرین کی بحالی اصل کام ہے۔ اس لیے حکومت کو یکسوئی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی آڑ میں گرانفروشوں اور ناجائز منافع خوروں نے مہنگائی میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔ ملک کے اندر رواں ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 42.7فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت کا چیک اینڈ بیلنس کو برقرار رکھنے کا سارا نظام ہی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حالات گھمبیر ہیں ، مسائل کو حل کرنا کسی ایک پارٹی کے بس کی بات نہیں۔ عوام کو درپیش مشکلات سے نکالنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اگر بروقت سیاسی قیادت کی جانب سے ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ نہی کیا گیا تو صورتحال بگڑ سکتی ہے .