حکومت کی خراب کارکردگی اور کرپشن نے پورے سندھ کو ڈبودیا ،محمد حسین محنتی


کراچی/ٹنڈومحمد خان(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بارش وسیلاب میں سندھ کے لاکھوں لوگ بے گھر ہوکر کھلے آسمان تلے آگئے ہیں، سندھ کے کئی شہر اس وقت بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جو کہ سندھ میں گذشتہ 15سالوں سے برسراقتدار پارٹی کی خراب کارکردگی اور کرپشن کا نتیجہ ہے، جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار دن رات اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد اور ان کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے مصروف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمد خان کے قریب کپور موری میں بارش سے متاثرہ عوام میں الخدمت کے تحت امدادی سامان تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں خشک راشن،ترپال ودیگر اشیاء شامل تھیں،

صوبائی امیر نے مزید کہا کہ سندھ میں حالیہ قدرتی آفت سے فصلوں واملاک کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے حکومت ملکی وبیرونی امداد کو حیقی مستحقین تک پہنچانے کو یقینی بنائے۔ اس موقع پر امیر ضلع ٹنڈومحمد خان حافظ لعل محمد سولنگی،الخدمت کے صدر حافظ صاحبڈنو ودیگر مقامی رہنماء بھی موجود تھے۔