شکور شاد کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل، پی ٹی آئی نے شوکازنوٹس جاری کر دیا


کراچی(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے لیاری سے منتخب رکن قومی اسمبلی شکور شاد کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

دو روز قبل شکور شاد نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو کوئی استعفی بھیجا اور نا ہی اس پر دستخط کیے لہذا میرا استعفیٰ منظور ہونے کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شکور شاد کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کی رکنیت معطل ہونے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت بھی دی تھی۔ اب پی ٹی آئی نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر رکن قومی اسمبلی شکور شاد کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عمران اسماعیل کی جانب سے شکور شاد کو شوکاز جاری کیا گیا ہے۔شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے این اے 246 سے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو چکے ہیں، این اے 246 سے بطور کورننگ امیدوار آپ کی نامزدگی بھی واپس لی جاتی ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے شکور شاد کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ 7 روز میں جواب دیں اور بتائیں آپ کی رکنیت کیوں بحال کی جائے؟۔