عالم اسلام عذاب اور اللہ کی ناراضگی کے گرداب میں ہے،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عالم اسلام اس وقت عذاب اور اللہ کی ناراضگی کے  گرداب میں ہے۔

لیاقت بلوچ نے علمائ، سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور سیاسی کارکنان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ برطانیہ طویل حکمرانی کے بعد دنیا سے رخصت ہوگئیں70سال انہوں نے برطانوی نظام کی پاسبانی کی، دنیا مسائل کے حل کے لیے اقدامات کئے لیکن مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے لیے کوئی اقدام نہ ہوا،پاکستان کے تمام طبقات برطانوی عوام کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،شاہ چارلس کی تقرری برطانیہ اور عالمی مسائل کے حل کے لئے اچھے اقدامات کی منتظر ہے۔

لیاقت بلوچ نے علما سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاری بڑی تباہی ہے ،اہل ایمان کے لئے آسمانی قدرتی آفات کو رجوع الی اللہ اور اپنے اعمال کی اصلاح کا ذریعہ بنایا جائے،عالم اسلام اس وقت عذاب اور اللہ کی ناراضگی کے  گرداب میں ہے،دعویٰ اسلام، عشق مصطفی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے وفاداری کا ہے لیکن اعمال کافرانہ اور اطاعت، وفاداری اور دوستیاں اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دشمنوں کیساتھ ہیں،بے عملی، دورنگی، تکبر و غرور، اختیارات کا ناجائز استعمال ہماری غرقابی کا مظہر ہے ،آئین، عدل و انصاف اور دین کا نظام قائم ہوجائے تو عذاب و آزمائش سے نجات مل جائے گی ،سیلاب متاثرین کی بحالی اور شفاف نظام کے نفاذ کے لئے منبر و محراب سے متاثرین کی مدد کے لیے موثر آواز بلند کی جائے۔

لیاقت بلوچ نے سیاسی کارکنان اور نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 75سال میں ہر پاپولر لیڈر اور قیادت نے آئین، جمہوریت، پارلیمانی اقدار سے انحراف کیا،پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی بجائے سیاست کو بازیچہ اطفال اور اقتدار کے ایوانوں کو سازشوں، کرپشن اور بدتہذیبی کے مراکز میں تبدیل کردیا،موجودہ حالات میں نوجوانوں اور نئی نسل کے مستقبل اور منزل کو تاریک کردیا،جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں میں نیا قومی جذبہ پیدا کیا اور محنت، تہذیب اور دکھ درد کے احساس کا کلچر دیا ہے. نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل اور اصل سرمایہ ہیں،نوجوان قومی قیادت کی غلطیوں میں غرق ہونے کی بجائے اپنا مقام اور اپنا مستقبل خود محفوظ کریں۔