لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے این اے 157 پر ضمنی انتخاب ملتوی ہونے پر الیکشن کمیشن سے وجوہات اور تفصیلی رپورٹ طلب کر لی


ملتان(صباح نیوز)ملتان میں حلقہ این اے 157 پر ضمنی الیکشن ملتوی ہونے کا معاملہ، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو علی موسی گیلانی نے لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں چیلنج کر دیا،  عدالت نے الیکشن کمیشن سے انتخاب ملتوی کرنے کی وجوہات اور تفصیلی رپورٹ چودہ ستمبر تک طلب کر لی۔

پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کے متفقہ امیدوار علی موسی گیلانی نے این اے 157 پر ضمنی الیکشن کو ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست عدالت میں دائر کی،  عدالت میں جمع درخواست میں علی موسیٰ گیلانی نے موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن سیٹ خالی ہونے پر 60 روز کے اندر الیکشن کرانے کا پابند ہے تاہم 20 ستمبر کو 60 روز پورے ہو جائیں گے۔ لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جسٹس شمس محمود  نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سے 13 ستمبر کو تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے کہا کہ ملتان میں کوئی سیلاب نہیں، الیکشن ملتوی کرنے کی وجوہات بتائی جائیں۔ اگر تفصیلی جواب جمع نہیں ہوتا تو عدالت الیکشن کروانے کا حکم دے سکتی ہے۔ اس سے قبل ایسی نظیر ملتی ہیں جس میں عدالت نے خود الیکشن کا حکم دیا ہو۔ وکیل علی صدیقی نے عدالت کے سامنے موقف پیش کیا کہ سیٹ خالی ہونے پر 60 روز کے اندر الیکشن کرانا انتہائی ضروری۔ 20 ستمبر کو 60 روز مکمل ہوجائیں گے لیکن الیکشن کمیشن نے انتخاب روک دیا۔   عدالت نے علی موسی گیلانی کی درخواست پر  الیکشن کمیشن سے  انتخابات ملتوی کرنے کی وجوہات بتانے اور 14 ستمبر تک تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔