کراچی (صباح نیوز)ماضی میں ایم کیو ایم زیر استعمال عزیز آباد کے علاقے میں واقع مکان نائن زیرو پر آگ لگ گئی، جس پر فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے کارروائی کے بعد قابو پا لیا۔
پولیس کے مطابق آگ لگنے کی وجہ بظاہر شارٹ سرکٹ معلوم ہوتی ہے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے علاوہ پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق مکان کو گھیرے میں لینے کے بعد فائر بریگیڈ کے ساتھ مل کر آگ بجھانے کی کارروائی کی گئی۔واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواتاہم آگ بجھاتے ہوئے ایک رینجرز اہلکار جھلس کر زخمی ہوا۔
ترجمان رینجرز نے تصدیق کی کہ عزیز آباد میں مکان میں لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔
علاوہ ازیں بم ڈسپوزل سکواڈ بھی آتشزدگی کے دوران ہونے والے دھماکوں کا تعین کررہا ہے۔پولیس نے آتشزدگی کے دوران جائے وقوع پر موجود افراد کو فوٹیج بنانے سے منع کردیا۔ مکان بند تھا اور آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ ہو سکتی ہے۔ نائن زیرو پر آتشزدگی کے بعد پورے علاقے کی لائٹ بند کردی گئی تھی۔