وزیرا عظم شہباز شریف کا سیلاب متاثرین کو صبر کا مشورہ زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ڈیڑھ ماہ سے پورے ملک میں سیلاب نے تباہی مچارکھی ہے۔ دریاؤں میں پانی ابھی تک اترا نہیں ۔ لاکھوں ایکڑ پر تیار کھڑی فصلیں برباد ، سینکڑوں افراد لقمہ اجل اور کروڑوں متاثر ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے سیلاب متاثرین کو صبر کرنے کے مشورے ان کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔ میدان میں صرف فلاحی ادارے کاموں میں مصروف ہیں اور متاثرین کی بحالی کا کام سر انجام دے رہے ہیں جبکہ حکومت اور حکومتی نمائندے کہیں نظر نہیں آرہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم بننے سے سندھ اور خیبر پختونخواہ، ڈوبنے کی باتیں کرنے والے عوام کو شروع دن سے گمراہ کررہے ہیں۔ قوم ان سے سوال کرتی ہے کہ کالاباغ ڈیم بننے سے سندھ اور خیبر پختونخواہ ڈوبنے کی باتیں کرنے والے سیاستدان بتائیں کہ اب سیلاب اور اس کی تباہ کاریوں سے کوئی صوبہ محفوظ ہے ؟۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کے حوالے سے ملنے والی امداد پر چیک اینڈ بیلنس بہت ضروری ہے۔ ماضی میں ایسے بہت سارے واقعات ہوچکے ہیں جہاں امدا د حق داروں کی بجائے کہیں اور استعمال ہوتی رہی ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن متاثرین کے لیے ملنے والی امداد پوری یکسوئی کے ساتھ متاثرین کو پہنچانے کا قومی فریضہ سر انجام دے رہے ہیں