مسجد نبویۖ توہین کیس، شیخ رشید عدالت پیش،آئندہ سماعت پر ملزمان فرد جرم عائد کرنےکیلئے طلب


فتح جنگ (صباح نیوز)  فتح جنگ کی مقامی عدالت نے مسجد نبویۖ  توہین کیس آئندہ سماعت پر ملزمان کووفرد جرم کیلئے طلب کر لیا۔

آج عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد مسجد نبویۖ کی توہین کے کیس میں فتح جنگ کی مقامی عدالت کے جج محمد عارف کے سامنے پیش ہوئے۔ دوران سماعت پولیس کی جانب سے چالان جمع کروا دیا گیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے لئے طلب کر لیا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں مسجد نبویۖ واقعہ کے وقت وہاں موجود بھی نہیں تھا۔انہوںنے کہا کہ یہ جھوٹوں، نااہلوں اور نالائقوں کی حکومت ہے۔ انشاء اللہ سچ کی فتح ہو گی اور انصاف کا جھنڈا بلند ہو گا اورنبیۖ کا جھنڈا بلند ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جو پاکستان کو اور پاکستان کی معیشت، سیاست کو اورغریب عوام کو تباہ وبرباد کرنے آئے ہیں یہ ناکام اور ناشاد ہوں گے اوراللہ تعالیٰ عمران خان کو فتح دے گا۔