آئین اور قانون مقدم ضرور ہے لیکن ختم نبوت ۖ کا تحفظ سب سے پہلے ہے، حافظ سعد حسین رضوی


لاہور (صباح نیوز) تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ سات ستمبر کا دن پاکستان اور دنیا کے کونے کونے میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے تحفظ ختم نبوت کے عزم کا ایک یاد گار اور تاریخی دن ہے۔ یہ دن صرف پاکستان کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے انتہائی تاریخی اہمیت کا حامل بھی ہے، زندہ قومیں تاریخ ساز اور تابناک ایام و لمحات کو نہ صرف یاد رکھتی ہیں بلکہ زندہ بھی رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ خاتم ا لنبیین محمد ۖ کو آخری نبی تسلیم کرنااسلام کی اساس اور بنیاد ہے ۔جس پر دین اسلام کی پوری عمارت کھڑی ہے۔دشمنان اسلام کی جانب سے ہر دور میں مسلمانوں کو اسلام سے گمراہ کرنے کی کوششیں کی جاری رہی ہیں۔ دشمنوں کی ان سازشوں پر نگاہ رکھنے، اور ان کی مسلمانان اسلام کو راہ راست سے بھٹکانے کی گھناؤنی سازشوں کو بے نقاب کرنے کے لئے مسلمان ہر سال سات ستمبر  کا دن یوم تحفظ ختم نبوت کے طورپر مناتے ہیں۔

علماء ومشائخ نے اس فتنے کے سدباب کے لیے ہر میدان میں قادیانیت کا محاسبہ کیا اور سات ستمبر1974ء کے مبارک دن پاکستان کی قانون ساز اسمبلی نے مشترکہ طورپر تاریخ ساز فیصلہ دیتے ہوئے اس فتنے کی جڑوں پر کاری ضرب لگائی اور متفقہ طور پرقادیانیوں،احمدیوں اورمرزائیوں کوغیرمسلم اقلیت قراردیا۔ تاریخ ساز فیصلے کے بعد بیشتر اسلامی ممالک نے بھی یکے بعد دیگرے قادیانیوں کو غیرمسلم قراردیا۔اس فیصلے نے جہاں اہلیان پاکستان کے دینی جذبات کی مکمل ترجمانی کی وہاں پر پوری دنیا کے مسلمانوں میں اسلامیان پاکستان کی قدر کو بھی بڑھا دیا کہ پاکستان کے مسلمان حضورۖ کی ناموس کے لئے اپنی جان کی قربانی دینے کے لئے بھی تیار ہیں، مگر ختم نبوت پر کسی کو ڈاکے ڈالنے کی قطعاً اجازت نہیں دے سکتے۔

حافظ سعد حسین رضوی کا مزید کہنا تھا کہ مشن ناموس رسالت سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،ناموس رسالت ۖ کا تحفظ اور دفاع کرنا جانتے ہیں۔تحریک لبیک پاکستان کا وجود ہی ناموس رسالت کی پاسداری پر قائم ہوا تھا۔آئین اور قانون مقدم ضرور ہے لیکن ناموس رسالتۖ کا تحفظ سب سے پہلے ہے۔ پا کستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور اسلامی نظام ہی سے ترقی کی طرف گامزن ہوگا