6ستمبر، یوم دفاع درحقیقت جذبہ حب الووطنی ، جذبہ شوق جہاد اور مادر وطن کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کا درس دیتا ہے


لاہور (صباح نیوز) محمد جاوید قصوری نے کہا کہ6ستمبر، یوم دفاع درحقیقت جذبہ حب الووطنی ، جذبہ شوق جہاد اور مادر وطن کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کا درس دیتا ہے ۔اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دفاع کو پائیدار اور مستحکم بنانے کے لئے ہمیں آپسی چپلقش کو ختم اور اپنے اداروں کو مضبوط بنانا ہو گا۔بد قسمتی سے کچھ لوگ اداروں کو کمزور کرنے  کے غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہئے ہیں۔ہر شخص اور ہر ادارہ آئین و قانون کا پابند ہے ۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم سیلاب زدگان کے لئے دکھی اور پریشان ہے ، عالمی برادری پاکستان میں آنے والے تاریخی سیلاب پر توجہ مرکوز کر کے بیٹھی ہے ہر طرف سے متاثرین کے لئے امداد آ رہی ہے اور ملک کے اندر اداروں کو کمزور کرنے کے لئے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت حالات خراب کئے جا رہئے ہیں۔ حکمران ہر محاذ پر ناکام ہوچکے ہیں۔ سیلاب سے لوگ مررہے ہیں ۔ پنجاب ، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں سینکڑوںدیہات زیر آب آچکے ہیں۔ کوئی بھی پرسان حال نہیں ۔متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جارہی ہے۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں اپنے سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کی دل کھول کر امدا د کریں۔

انہوں نے کہا کہ متعدد علاقوں میں پل، سڑکیں، مال مویشی اور گھر بہہ گئے ، بستیاں ڈوب گئیں۔ فصلیں ، باغات تباہ و برباد ہوگئے ہیں۔ گھروں کے مکین خیموںمیں رہنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے رضاکار سیلاب متاثرین کی شب و روز خدمت میں مامور ہیں۔ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے والوں کو اس وقت قوم کی ضرورت ہے۔ ہزاروں کاشتکار فصلوں کی تباہی سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ حکومت اگر عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے تو ساری توجہ عوام کے مسائل پر مرکوز کرے۔ باہمی نفرتوں ، داخلی انتشار اور افراتفری کا براہ راست نقصان ملک و قوم کو ہورہا ہے