مولانا ابولااعلیٰ مودودی نے فرد اور شخصیت کی بجائے نظریے ، اصول اور ضابطے کی پابندی کرائی۔ راشد نسیم


کراچی (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ مولانا ابولااعلیٰ مودودی نے فرد اور شخصیت کی بجائے نظریے ، اصول اور ضابطے کی پابندی کرائی۔ جماعت اسلامی کے تمام ذمہ داران کے حلف میں کسی فرد سے نہیں بلکہ دستور سے وفاداری شامل ہے۔ دستور کے خلاف کوئی عمل نہ کیا جائے توکامیابی کے دروازے کھلتے ہیں۔

وہ جماعت اسلامی ضلع شرقی کراچی میں ”دستورجماعت” کے موضوع پر امیدواران سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر امیر ضلع توفیق الدین صدیقی بھی موجود تھے۔راشد نسیم نے کہا کہ نظریاتی تحریکیں نظریات کی پابند اور تابع ہوتی ہیں۔ افراد اور شخصیات نظریات کے تائع ہوتے ہیں۔ اس پہلو سے مسلم لیگ، پیپلزپارٹی ، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی اور دیگر جماعتیں افراد اور خاندانوں کے گرد گھومتی ہیں، انہی کی وفاداری ہی ان پارٹیوں کا طرہ امتیاز ہے۔

جماعت اسلامی اصول و ضابطے اور نظریات کی واحد جماعت ہے۔ دنیاپرست، شخصیات پرست اور سیکولر تنظیموں کے عروج زوال کے اسباب کچھ اور جب کہ جماعت اسلامی کی ترقی اور آگے بڑھنے کے اسباب کچھ اور ہیں۔ نظریاتی لوگوں کی وابستگی پختہ نظریات کے ساتھ ہوتی ہے۔جماعت اسلامی اللہ کی تحریک ہے اور اس کی مدد و نصرت شامل حال نہ ہو تو قدم آگے نہیں بڑھ سکتے۔