حکمران اتحاد پنجاب میں ان ہاوس تبدیلی کیلئے دوبارہ متحرک ،چوہدری پرویزالٰہی کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز) حکمران اتحاد کے قائدین پنجاب میں ان ہاوس تبدیلی کیلئے ایک بارپھر متحرک ہوگئے ،سابق وزیراعظم نوازشریف کو اعتمادمیں لیتے ہوئے  چوہدری پرویزالہی کو وزارت اعلی سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا،

وزیراعلی پنجاب گورنر کی بجائے صدارتی حلف یافتہ بھی ہیں ۔ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف علی زرداری ، پرویز الہی کی حکومت گرانے کیلئے متحرک ہیں ۔

ذرائع کا دعوی ہے کہ اس معاملے پر حمزہ شہباز نے پارٹی قائد اورسابق وزیراعظم نواز شریف کو لندن میں اعتماد میں لیا۔مسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین بھی پرویزالہی کی تبدیلی کیلئے پی ڈی ایم سے متفق ہوگئے ہیں، ذرائع کے مطابق حکمران اتحاد کے بعض قائدین نے وزیراعلی پنجاب کو ہٹانے کے لئے آئینی و قانونی ماہرین سے مشاورت کی ہے۔عدم اعتمادکی کامیابی کی صورت میں وزیراعلی کے انتخاب کے لئے ارکان کی مطلوبہ تعداد کے حوالے سے کام کیا جارہا ہے۔

مسلم لیگ(ق) کے ارکان کو توڑنے کے لئے آصف زرداری اہم کرداراداکریں گے، ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب کو بھی ان معاملات کی بھنک پڑگئی ہے انھوں نے پنجاب اسمبلی میں حکومتی جماعتوں کے ارکان سے ملاقاتوں کا فیصلہ کرلیا ہے،یاد رہے جولائی میں سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری رولنگ کیس میں پرویز الہی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دی تھی، جس کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلی نہیں رہے تھے۔

عدالت نے چوہدری پرویز الہی کو نیا وزیراعلی قرار دیا تھا، بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہی نے وزیراعلی پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا تاہم پی ڈی ایم نے ان کی وزارت اعلی کو تسلیم نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے گورنرپنجاب نے اُن سے حلف نہیں لیا تھا جس پر پرویز الہی اپنے انتخاب کے بعد اُسی رات ہنگامی طور پر اسلام آباد  پہنچے اور رات ڈیڑھ بجے کے قریب صدر نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار وزیراعلی سے حلف لیا۔