الخدمت فاؤنڈ یشن غریب اور مستحق خواتین کو روز گار کے قابل بنانے کیلئے کوشاں ہے،سمیرا چھاپرا


لاہور ( صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کمیونٹی سینٹر کی پروگرام منیجر سمیرا چھاپرا نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈ یشن غریب اور مستحق خواتین کو روز گار کے قابل بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کمیونٹی سینٹر کی پروگرام منیجر سمیرا چھاپرا نے الخدمت کے تحت کمپیوٹر کورس مکمل کرنے والی طالبات کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سمیرا چھاپرا نے کہا کہ کمپیوٹر کورس مکمل کرنے والی طالبات اب باعزت روزی کما سکتی ہیں، الخدمت فاؤنڈ یشن غریب اور مستحق خواتین کو روز گار کے قابل بنانے کیلئے کوشاں ہے،تعلیم اور ہنر کا زیور نوجوان نسل میں نہ صرف نکھار پیدا کرتا ہے بلکہ انہیں با عزت روز گار کے قابل بھی بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے اور وہ زندگی کے ہر میدان میں مصروف عمل ہے ۔ معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقہ کی مدد،یتیم بچوں کی کفالت و تعلیم و تربیت،مستحقین کو راشن کی فراہمی ، غریب گھرانوں کی بچیوں کی شادی میں معاونت،میڈیکل سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ الخدمت قدرتی آفات میں بھی متاثرین کو ریسکیو کرنے اور بحالی کے لئے بھی پیش پیش رہا ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن اب تک مجموعی طور پر سیلاب متاثرین کے لئے پانچ ارب روپے سے زائد کی امداد بھیج چکا ہے جس میں مخیر حضرات اور عوام نے دل کھول کر حصہ ڈالا ہے۔