نظر آرہا ہے قوم کا فتنہ کون، سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محب وطن ہے،آصف زرداری


کراچی (صباح نیوز) سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ساری قوم کو نظر آرہا ہے کہ اس قوم کا فتنہ کون ہے، ہر سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محب وطن ہے۔

ان خیالات کااظہار سابق صدر آصف علی زرداری نے آج سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ساری قوم کو نظر آرہا ہے کہ اس قوم کا فتنہ کون ہے۔آج سب کو انسان اور حیوان کا پتہ چل گیا ۔اس شخص نے ملک کو کمزور کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی نہیں ہوسکتا۔پوری قوم اس وقت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن ان کی مدد کرنے کی کوشش کررہی ہے اور یہ شخص جلسہ جلسہ کھیل رہا ہے۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی صرف وفاقی حکومت نظر آرہی ہے،خیبرپختونخوا اور پنجاب کی صوبائی حکومتیں صرف جلسوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اداروں کو اس شخص کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے۔ہمارے ہر سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محب وطن ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی بھی ملک موسمیاتی تبدیلی کے عفریت کا تنِ تنہا مقابلہ نہیں کرسکتا، یہ ایک عالمگیر مسئلہ ہے۔ پاکستان بہادر لوگوں کا وطن ہے، ہم ہمت نہیں ہاریں گے اور اس قومی آفت سے مل کر نکلیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستانیو!یہ وقت متحد ہوکر دنیا کو یہ پیغام دینے کا ہے کہ ہم ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔