کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے تحت سیلاب زدگان کے لیے ادارہ نورحق میں میں قائم مرکزی ”الخدمت فلڈ ریلیف کیمپ ”میں جاری امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی آگئی ، شہر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات بالخصوص کم عمر رضار بچوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
علاوہ ازیں میمن فیڈریشن کے وفد نے صدر محمد حنیف موٹلانی کی قیادت میں ”مرکزی الخدمت فلڈ کیمپ” کا دورہ کیا۔ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا استقبال کیا اور کیمپ میں ہونے والی امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔وفد میں سکریٹری محمد فیصل خانانی ،جوائنٹ سکریٹری عمر موٹلانی ،ممبر مینیجنگ کمیٹی رفیق ہنگورہ،ہارون ابراہیم،فاروق جوناگڑی،وحیدحسین ودیگر بھی شامل تھے ۔
اس موقع پرڈپٹی سکریٹریز کراچی انجینئر عبد العزیز ، یونس بارائی ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ صدر محمد حنیف موٹلانی نے سیلاب زدگان کے لیے امدادی چیک بھی پیش کیا۔
وفد نے جماعت اسلامی اور الخدمت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ الخدمت کے تحت پورے پاکستان میں بڑے پیمانے پرریلیف کا کام ہورہا ہے ، کراچی کے عوام بھی دل کھول کر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اپنے عطیات جمع کروارہے ہیں،کراچی کے شہری الخدمت پر اعتماد کرتے ہیں اور یہی جماعت اسلامی اور الخدمت کا خاصا ہے ،شہری بخوبی واقف ہیں کہ الخدمت کو دیے ہوئے عطیات حقیقی مستحقین تک ہی پہنچیں گے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت ادارہ نور حق میں قائم مرکزی الخدمت فلڈ ریلیف کیمپ میں ہونے والی امدادی سرگرمیوں میں روزانہ کی بنیاد پرسو سے زائد طالبات خواتین اور 400 سے زائد مرد رضاکارشہریوں کی جانب سے جمع کیے گئے امدادی سامان کو سیلاب زدگان کی ضرورت کے مطابق الگ الگ پیکنگ کرتے ہیں جو ٹرکوں کے ذریعے متاثرہ علاقوں تک روانہ کیاجاتا ہے ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ رضاکارانہ کام کرنے والوں خاص طور پر بچوں کا جوش وخروش قابل دید ہے ۔اس وقت اہل کراچی شہر کی بدترین صورتحال اور گھمبیر مسائل سے متاثر ہونے کے باوجود اندرون سندھ اور دیگرصوبوںکے سیلاب متاثرین کے لیے بھرپور ایثار اور تعاون کررہے ہیں جب کہ صوبائی وزراء فقط نمائشی دورے ،فوٹو سیشن اور جھوٹے اعلانات کے سوا کچھ نہیں کررہے ۔