حکومتی غفلت و لوٹ مار کی وجہ سے آج پورا سندھ تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے، محمد حسین محنتی


کراچی/سکھر(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومتی غفلت و لوٹ مار کی وجہ سے آج پورا سندھ تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ بارش و سیلاب متاثر لوگ تنگ آمد بہ جنگ آمد جگہ جگہ حکومتی نمائندوں کا گھیراؤ کر رہے ہیں۔ عوام کی دادرسی اور مطمعن کرنے کی بجائے متاثرین پر مقدمات قائم کرنا قابل مذمت اور حکومتی بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نوٹس اور داخل مقدمات ختم کئے جائیں جماعت اسلامی اور الخدمت دیانت امانت اور خدمت کا نام ہے۔ عوام حق و باطل کے معرکے میں سچے اور عوام کی خدمت کرنے والوں کا ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت کے تحت دریاکے بند اور روہڑی میں قائم متاثرین سیلاب کے قائم خیمہ بستی اور کچن کے دورے کے موقعے پر کیا۔الخدمت کے ضلعی صدر مامون الرشید نے صوبائی امیر کو ابتک ہونے والی ریلیف سرگرمیوں سے آگاہی دی جبکہ متاثرین نے اپنے مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔جس پر انہوں نے مقامی انتظامیہ کو ہرممکن سہولت دینے کہ ہدایت بھی کی۔ الخدمت ڈزاسٹر مینجمنٹ سندھ کے صدر خیرمحمد تنیو ، صوبائی نائب قیم حزب اللہ جکھرو، امیر ضلع ایڈووکیٹ سلطان احمد لاشاری ، یوتھ کے صدر عبدالغفور کلہوڑو اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر ان کے ساتھ موجود تھے۔

صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی امداد کا کہیں بھی نام و نشان نہیں ہے، سندھ لاکھوں لوگ سڑکوں پر بے یار و مددگار پڑے ہوئے ہیں مگر حکومتی روزانہ امداد کی تقسیم کے اعدادوشمار جاری کر رہے ہیں۔سندھ حکومت اگر بروقت کوئی سنجیدہ اقدامات کرتی تو آج سندھ کی یہ صورتحال ہرگز نہ ہوتی۔صوبائی امیر نے لکھی غلام شاہ میں بھی الخدمت کی خیمہ بستی کا دورہ کیا ۔