سکینڈلز کی سیاست ہمارے معاشرے پر بدنما داغ ہے،شجاع الدین شیخ


لاہور( صباح نیوز)تنظیم اسلامی کے امیرشجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ سیکنڈلز کی سیاست ہمارے معاشرے پر بدنما داغ ہے۔

اپنے بیان میں اُنھوں نے کہا کہ ملک شدید ترین داخلی اور خارجی خطرات سے دوچار ہے جبکہ ہمارے سیاست دان ملکی مسائل پر توجہ دینے کی بجائے ایک دوسرے پر کیچڑ اُچھال رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ سیاست کے بنیادی اُصول اور نظریات سیاست دانوں کی نظر سے مکمل طو رپر اوجھل ہو چکے ہیں او روہ محض ذاتیات کی سیاست کر رہے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ اگر سب اِس اُصول پر سختی سے عمل درآمد کریں کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنے فرائض ادا کریں گے اور کسی صورت میں آئین میں دیے گئے اختیارات سے تجاویز نہیں کریں گے تو اِس طرح کے مسائل کھڑے نہیں ہوں گے۔

اُنھوں نے کہا کہ اِس پیچیدہ صورت ِ حال کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے ادارے اپنی حدود کو خود ہی پامال کرتے ہیں اور سیاست دان ان اداروں کو مداخلت کی باقاعدہ دعوت دیتے ہیں جس سے ملک میں سیاسی اور معاشی عدم استحکام پیدا ہو تا ہے اور دنیا بھر میں جگ ہنسائی کا باعث بنتا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ یہ تمام خرابیاں اور ہر طرف پھیلا ہوا بگاڑ درحقیقت صراطِ مستقیم سے ہٹ جانے کا نتیجہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ سیاسی، معاشی اورمعاشرتی سطح پر اگر ہم اسلام کے سنہری اُصولوں پر عمل کریں تو ملکی معاملات کو باوقار طریقے سے چلایا جا سکتا ہے۔