دادو، سیلاب میں پھنسے لوگوں کو پاک بحریہ کے ہوور کرافٹس کے ذریعے نکالا گیا


اسلام آباد(صباح نیوز)پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سندھ کے شہر دادو میں پانی میں گھرے افراد کو نکالنے کے لیے فوری 2 ہوور کرافٹس تعینات کئے گئے ہیں۔

ترجمان پاک بحریہ کے اعلامیے کے مطابق پنجاب، سندھ اور خیبر پختو نخوا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کا امدادی آپریشن جاری ہے۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ ہوور کرافٹس کے ذریعے دادو کے گوٹھ احمد خان چانڈیو سے 23 محصور افراد کو نکال کر محفوظ مقام پہنچا دیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ  نے کہا کہ ہیلی کاپٹر اور کشتیوں سے بھی لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا جا رہا ہے، پاک بحریہ کی امدادی ٹیمیں متاثرینِ سیلاب کو راشن، طبی امداد اور دوائیں بھی دے رہی ہیں۔

ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ راجن پور، ڈی آئی خان، میر پور خاص، سکھر اور دیگر علاقوں میں بھی ریلیف آپریشن جاری ہے۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ پاک بحریہ مشکل میں گھرے ہم وطنوں کی مدد کے لئے ہمہ وقت تیار اور پر عزم ہے۔