ضدی عمران کا قصہ تمام ہوچکا ،ہمیں اعتدال کی سیاست پر آنا ہوگا، قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ،مولانا فضل الرحمن


ڈیر ہ اسماعیل خان( صباح نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ و مرکزی امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حالیہ شدید سیلاب اور بارشوں سے ہونیوالے جانی و مالی نقصانات کے ساتھ ساتھ املاک اور فصلوں کے نقصانات کی وجہ سے پوری قوم کرب سے گزر رہی ہے، ہم نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ ہماری پوری توجہ سیاست کی بجائے اس وقت صرف اور صرف سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی پر ہونی چاہئے، ایک پارٹی کا سربراہ کہہ رہا ہے کہ سیلاب ہمارامسئلہ نہیں، سیاست کی آڑ میں مصیبت کی اس گھڑی میں قوم کو ریاست کیخلاف اکسا رہا ہے، ہمیں اعتدال کی سیاست پر آنا ہوگا، قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، اب ضدی عمران کا قصہ تمام ہوچکا ہے، جے یو آئی کا ادنیٰ سے ادنیٰ کارکن بھی سیلاب میں جان لڑا کر متاثرین سیلاب کی امداد کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ”نظامی ہاؤس” میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرمواصلات مولانا اسعدمحمود، خیبر پختونخوا اسمبلی میں جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر و ضلعی امیر مولانا لطف الرحمن،انجینئر ضیاء الرحمن ، مولانا عبید الرحمن،جے یو آئی کے رہنما و سابق امیدوار سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کفیل احمد نظامی، معروف کاروباری شخصیت حاجی نظام الدین، حاجی امام دین،انجمن تاجران میاں کمرشل مارکیٹ کے صدر چوہدری جاوید اختر، سابق سالار جے یو آئی رانا محمد رمضان، معروف کاروباری شخصیت عمر خان، چوہدر صداقت، شکیل احمد نظامی، نوید احمد نظامی، طیب نظامی اور حاجی خلیل احمد نظامی بھی موجود تھے۔

مولانا فضل الرحمن کی نظامی ہاؤس آمد پر کفیل احمد نظامی، حاجی نظام الدین اور حاجی امام دین نے انکا استقبال کیا۔ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آنیوالی حکومت کو معاشی طور پر سب سے بڑا چیلنج یہ ہوگا کہ ملک کی معیشت کو کیسے بہتر بنائیں، اگر ہم عمران خان کی حکومت کو اقتدار سے نہ ہٹاتے تو خدا نخواستہ ملک دیوالیہ یا ٹوٹنے کا ڈر تھا، عمران خان کو چلتا کرکے مختصر مدت میں ملک کی معیشت کو سنبھالا دیا اور اب ہم نے ملک کو بچالیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سے جو معاہدے کئے تھے اس پر انکی حکومت کے اس وقت کے اپنے بندوں نے بیان دیئے تھے کہ ہم نے اپنا ملک آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج آئی ایم ایف اپنی من مانیاں کر رہا ہے اور پاکستان کو شہ رگ سے پکڑا ہوا ہے۔ ان مسائل کے حل کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کے حوالے سے جے یو آئی کی تمام تنظیموں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہا ہوں، یونین کونسل کی سطح پر کارکنان متحرک ہیں اور ایک تحریک کے طور پر کام کررہے ہیں۔ قوم نے ہمیں جو ردعمل دیا اس پر عوام کا شکر گزار ہوں۔ متاثرین کی امداد کے بعد انکی بحالی اصل امتحان کا کٹھن مرحلہ درپیش ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی توجہ سیلاب زدگان کی بحالی پر ہے لیکن اس پر سیاست کرنیوالا اپنے انجام کو پہنچے گا، ملک میں اندھیر نگری نہیں ہوگی۔