الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان نے سیلابی علاقوں میں خدمت کی نئی تاریخ رقم کی،حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان نے سیلابی علاقوں میں خدمت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دکھ اور آزمائش کی گھڑی میں الخدمت فاؤنڈیشن کو کروڑوں روپے کی امداد دی جو ان کا جماعت اسلامی پر اعتماد اور بھروسہ کا مظہر ہے۔ پاکستانی قوم نے ثابت کر دیا کہ وہ مشکل وقت میں اپنے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑتے۔ قوم کی اب تک کی کاوشیں قابل تحسین، جماعت اسلامی ریلیف کا کام مکمل ہونے تک سیلابی علاقوں میں خدمت خلق جاری رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔حافظ ادریس کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ہمیشہ کی طرح مصیبت زدہ عوام کو مشکل وقت میں تنہا چھوڑ دیا۔ جماعت اسلامی کی جانب سے بار بار اپیل کے باوجود بھی وفاقی و صوبائی حکومتیں آپسی لڑائیوں اور مفادات کی جنگ چھوڑ کر مصیبت زدگان کی مدد میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ مواخات مدینہ کا ماڈل اپنایا جائے، جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ اپنے بہن بھائیوں کو غیر ملکی این جی اوز کے رحم و کرم پر نہ چھوڑے۔ انھوں نے کہا کہ قوم کے جذبہ کو مدنظر رکھتے ہوئے انھیں یقین ہے کہ ہم ان شا اللہ اس چیلنج سے نمٹ لیں گے۔ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے اور اسلامی انقلاب اس کی منزل ہے۔