ملک کی تشویشناک صورتحال اس امر کی متقاضی ہے ہم اپنے رب کی طرف رجوع کریں،دردانہ صدیقی


راولپنڈی (صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ گذشتہ چند ہفتے میں تباہ کن سیلاب سے پاکستان میں ہزاروں لوگ لقمہ اجل بن گئے ، اربوں مالیت کے جانور، مکانات اور تیار فصلیں تباہ و برباد ہو گئیں جس سے ہر درد دل رکھنے والا پاکستانی رنجیدہ ہے۔ اس سے قبل بھی مہنگائی، سودی نظام معیشت اور غلط معاشی پالیسیوں نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا تھا -بحیثیت مجموعی ملک کی تشویشناک صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ ہم اپنے رب کی طرف رجوع کریں –

ان خیالات کا اظہار  انھوں نے ارکان و کارکنان کے نام” عشرہ رجوع اللہ “منانے کی اپیل کرتے ہوئے کیا -حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی  نے کہا کہ پوری قوم اپنے رب کے حضور گناہوں کی معافی کے خواستگار ہو، استغفار کی روش کو اپنائیں – بلاشبہ رب کریم ہی ہماری مشکلات اور پریشانیوں کو دور کرنے پر قادر ہے –

انہوں نے مزید کہا کہ یکم ستمبر تا 10ستمبر 2022 “عشرہ رجوع الی اللہ “کے دوران ارکان و کارکنان انفرادی طور پر دعاوں ، نوافل اور ذکر اذکار پر خصوصی توجہ دیں۔  اجتماعی عبادات و اذکار کا اہتمام بھی کیا جائے -آئمہ مساجد کو بھی اس حوالے سے خصوصی توجہ دلائی جائے۔  یہ تمام امور ساری زندگی توجہ کے متقاضی ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ تذکیر اور تحدید عہد کے طور پر منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے ۔