ملک بھر میں مہنگائی کا 47 سالانہ ریکارڈ ٹو ٹ چکا ، کمی کے آثار نظر نہیں آتے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی کا 47 سالانہ ریکارڈ ٹو ٹ چکا ہے ۔ شرح 27.3فیصد ہو گئی ہے بد قسمتی سے آنے والے دنوں میں کمی کے آثار نظر نہیں آتے ۔پٹرول لیوی کو بڑھا کر 37روپے فی لیٹر کرنے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گا ۔وزیر اعظم کی جانب سے بجلی صارفین کو 300یونٹس تک فیول ایڈجسمنٹ سے چھوٹ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ۔ حکومت ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعد ادبارہ سو سے تجاوز کرچکی ہیں۔4لاکھ مکانات تباہ اور دولاکھ ایکڑ پر کھڑی تیار فصلیں برباد ، ہزار وںکلو میٹر پر محیط مختلف مرکزی شاہراہیں متاثر ہوئی ہیں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن کے رضا کار سیلاب متاثرین کے حوالے سے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔ تباہی بڑے پیمانے پر ہوئی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ مخیر حضرات دل کھول کر اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کریں ، ایک طرف پورا ملک سیلاب کی زد میں ہے، اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے اور تباہ کاریاں جاری ہیں، عوام بد حال اور انتہائی کسمپرسی کا شکار ہیں، لوگوں کے جان و مال سب کچھ سیلاب میں بہہ گیا ہے مگر

دوسری جانب حکمران صرف فوٹو سیشن میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے ملکی معیشت اور انسانی زندگی پر تباہ کن اثرات ڈالے ہیں۔ بحالی میں بہت وقت لگے گا ،تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت بھی پی ٹی آئی کی حکومت کا تسلسل معلوم ہوتی ہے۔ اتحادی حکومت کے پاس بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں۔ آئی ایم ایف کے غلاموں سے نجات حاصل کرنا ہوگی