دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہر کسی کا فرض ہے ہم آخری فرد کی بحالی تک اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔محمد حسین محنتی


نواب شاہ ( صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ سمیت حالیہ بارشوں اور سیلاب نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے جس سے کروڑوں لوگ متاثر ہوئے ہیں جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن اول روز سے اپنے محدود وسائل اور مخیر حضرات کے تعاون سے لوگوں کی مدد کر رہی ہے.

وہ مقامی اسکول میں سانگھڑ روڈ کے متاثرین میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں ضلعی امیر سرور احمد قریشی، الخدمت سندھ کے ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنور راشد مکرم، ضلعی صدر محمد سلمان رؤف، فیصل ہمایوں، سردار احمد اور عابد شفیق بھی موجود تھے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ ایک دہائی سے ایک ہی جماعت کی حکمرانی ہے لیکن کرپشن ، نااہلی اور بروقت اقدامات نہ کرنے نے سندھ کو ڈبو دیا ہے.

انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہر کسی کا فرض ہے ہم آخری فرد کی بحالی تک اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیب کے نام پر بنا لیکن اس سے انحراف کیا گیا سیلاب اور زلزلے قدرتی آفات کے ساتھ ساتھ ہمارے لیے تنبیہ بھی ہے اس پر توبہ واستغفار بھی کریں اور اپنی زندگی اللّٰہ اور آس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق گذاریں انہوں نے الخدمت کے کے رضاکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو اپنی پریشانی بھلا کر متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں انہوں نے گورنمنٹ مسلم ہائی اسکول میں الخدمت فاؤنڈیشن کے فری میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا جہاں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات دیں۔