سیلاب کا رخ موڑ کرغریبوں کی بستیاں تباہ کرنے والوں کوعبرت بنانا چاہیے،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی ( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ ہمار ے 30ہزارسے زائد رضاکارسیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں 2ارب روپے مالیت کی ڈونیشن سے خدمت کرچکے ،متعدد علاقوں میں ظالم اشرافیہ نے اپنی جاگیریں ،زمینیں اورباغات کوبچانے کے لئے سیلابی پانی کارخ غریب بستیوں کی جانب موڑ دیا جس کے باعث جانی اور مالی نقصان زیادہ ہوا اس کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بناکرظالموں کوبے نقاب کرکے عبرت بنایاجائے ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے سیلاب سے متاثرہ جنوبی پنجاب کے علاقوں ڈیرہ غازی خان ،تونسہ شریف اوربیس کیمپ ملتان کے دورے سے واپسی پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی امیرنے سیلاب متاثرین کے لیے امیرجماعت سراج الحق کو100ملین کا چیک بھی پیش کیا ،صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رسل خان بابر،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت دیگرذمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان جان ہتھیلی پررکھ کرخدمت کررہے ہیں متاثرین کی بحالی تک ورکنگ جاری رکھیں گے۔اس وقت تمام ترسیاسی ومذہبی مسلکی اختلافات بھلا کرسیاسی ومذہبی جماعتوں سمیت پوری قوم متحدہوکرمتاثرین کی مدد کرے اور کروڑوں انسانوں کے گھروں کوازسرنوبحال کیا جائے۔