سید علی گیلانی کا تحریک آزادی کشمیرمیں کردار مثالی اور مشعل راہ ہے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے مجاہد آزادی کشمیر سید علی شاہ گیلانی کی پہلی برسی پر تحریک آزادی کی جدوجہد میں ان کے بے مثال کردار کو مشعل راہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی نے ساری عمر پاکستان کا نعرہ بلند کیا اور عملی اقدامات کے ذریعے ثابت کردکھایا کہ وہ پاکستان کے بیٹے تھے۔ آنے والی نسلیں ان کے مثالی کردار سے ہمیشہ سیکھتی رہیں گی اور جب بھی کشمیر آزدی کی بات ہوگی انہیں یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پاکستان کے غیور 22کروڑ عوام نہتے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری نے سیکرٹری جنرل نصر اللہ گورائیہ کے ہمراہ پنجاب کے غیور عوام کی جانب سے سیلاب فنڈ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو پندرہ کروڑ اور پچاس لاکھ کا چیک پیش کیا۔

اس موقع پر جاوید قصوری نے پنجاب کے عوام کا شکریہ ا دا کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین اس وقت انتہائی سنگین قسم کے حالات سے دوچار ہیں۔ وہ بے یارو مددگار ہیں ، حکومتی امداد کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ تباہی بہت بڑے پیمانے پر ہوئی ہے۔ مخیر حضرات رقوم دل کھول کر دکھی بہن بھائیوں کی امداد کے لیے آگے بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے ہزاروں رضا کارسیلاب متاثرین کی مدد کرنے میں مصروف ہیں۔ جب تک آخری متاثرہ شخص کو بھی ریلیف میسر نہیں آجاتا ، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ موجودہ سیلاب پاکستان کی تاریخ کا بدترین سیلاب ہے۔ اس نے جہاں 12سو سے زائد قیمتی جانوں کو نگل لیا، وہاں کھربوں کا نقصان بھی پہنچا ہے۔ انفرا سٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔ فوری طور پر ملک میں تعمیر نو کی ضرورت ہے۔